اسلام آباد (سپیشل رپورٹ، این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترامڑی اور اسلام آباد میں پناہ گاہ کا دورہ کیا۔ کرونا وبا کے حوالے سے بنائے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وہاں موجود بزرگوں کے ساتھ کھانا کھایا اور ان سے گفتگو بھی کی۔ اسلام آباد انتظامیہ کے احسن اقدامات کو سراہا۔ دریں اثناء گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گذشتہ روز ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات کی اور ان سے کراچی کے مسائل خصوصاً بارشوں سے پیدا ہونیوالی مشکلات ، صفائی اور کراچی میں بجلی کی ناقص فراہمی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی بھی گورنر کے ساتھ موجود تھے۔ گورنر نے صدر کو طوفانی بارشوں سے پیدا ہونیوالے مسائل سے آگاہ کیا اور انتظامیہ کی طرف سے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ گورنر نے صدر سے ملاقات میں کراچی کے مسائل کے حل کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی نے ہیلتھ ورکرز کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان میں معذور، سماعت سے محروم اور دیگر کیلئے 5پروگرام کئے وبا کے دوران قوم کی خدمت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر علوی کا 2پناہ گاہوں کا دورہ ، مکینوں کے ساتھ کھانا کھایا، گورنر سندھ کی ملاقات
Jul 30, 2020