غلاف کعبہ ’’کسوہ‘‘ کی تبدیلی کی تقریب آج ہو گی‘ نگرانی شیخ عبدالرحمن السدیس کرینگے

ملتان ( لیڈی رپورٹر ) غلاف کعبہ ’’کسوہ‘‘ کی تبدیلی کی رُوح پرور تقریب کا انعقاد آج شام کو کیا جائے گا۔ حرمین الشریفین کے اُمور کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس اس تقریب کی نگرانی کریں گے جس میں ہر سال کی طر ح خانہ کعبہ کا پرانا غلاف تبدیل کر کے نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔نیا غلاف کعبہ شاہ عبدالعزیز غلاف کمپلیکس کی ’’کسوہ فیکٹری‘‘ میں تیار کیا گیا ہے جس کی تیاری میں 670 کلو ریشم، 120 کلو سونا اور 100 کلو چاندی کا دھاگہ استعمال کیا گیا ہے۔غلاف کعبہ میں قرآن پاک کی آیات کو سونے، چاندی اور خالص ریشم سے تحریر کیا گیا ہے۔اس کا کل وزن 1150 کلو ہے ۔ اسے 200افراد نے مل کر تیار کیا ہے۔اب تک خانہ کعبہ کے غلاف کی تبدیلی میں کم سے کم ٹائم ساڑھے تین گھنٹے صرف ہوا ہے اور 160افراد مل کر یہ غلاف تبدیل کرتے ہیں۔ گورنر نے گزشتہ روز غلافِ کعبہ انتظامیہ کے حوالے کیا۔ خانہ کعبہ کی کُل بلندی 14میٹر ، حطیم کے اطراف چوڑائی 10.05میٹر ، بابِ کعبہ کی طرف چوڑائی 12.05میٹر، رُکنِ یمانی اور حجرِ اسود کے درمیان دیوار کی چوڑائی 11میٹر اور بالمقابل بابِ ابراہیم اس کی چوڑائی 13میٹر ہے ۔

ای پیپر دی نیشن