اسلام آباد+لاہور (نوائے وقت رپورٹ/نیوز رپورٹر) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ شہباز شریف نے دونوں رہنماؤں سے سیاسی امور پر مشاورت کی۔ متحدہ اپوزیشن نے سینیٹرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی ایف اے ٹی ایف سے متعلق سینٹ میں قوانین کا جائزہ لے گی۔ دریں اثناء برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کیساتھ وڈیو کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ اپوزیشن پاکستان کی تاریخ کی سب سے ذمہ دار حزب اختلاف ہے۔ عوام سے کئے ہوئے وعدوں پر حکومت کا احتساب کررہی ہے۔ حکومت کی اچھی کارکردگی، خوشحالی اور عوام کی سماجی بہتری حکومت کی اولین ذمہ داری اور ترجیح ہونا چاہئے۔ معاشی چیلنجز بہت تشویشناک ہیں، اپوزیشن عوام کی آواز ہر فورم پر اجاگر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرتی رہے گی۔ شہباز شریف نے پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں تعلیم و صحت اور دیگر سماجی فلاح و بہبود سے متعلق پروگراموں میں برطانیہ کے مالی اور تکنیکی تعاون کی فراہمی کو سراہا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ڈیفیڈ نے عوام کو قابل قدر معاونت فراہم کی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان نے دہشت گردی کے عفریت کو کامیابی سے شکست دی ۔ شہباز شریف نے کہاکہ توانائی کی قلت کے مسئلہ کو حل کیا، تاریخی ترقی وخوشحالی کے منصوبہ جات شروع کئے۔ شہباز شریف اور ڈاکٹر کرسچیئن ٹرنر نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ یہ وقت تصادم اور ٹکرائو کا نہیں بلکہ تعاون سے آگے بڑھنے کا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے وزیراعلی پنجاب کے طور پر شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا۔
شہباز کا بلاول، فضل الرحمن کو فون، ایف اے ٹی ایف قوانین پر غور کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ
Jul 30, 2020