جنوبی پنجاب کیلئے کمیٹی قائم، حکومتی اقدامات کا مقصد مسائل عوام کی دہلیز پر حل کرنا ہے: عمران

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنیوالوں میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، سید فخر امام، مخدوم خسرو بختیار، وزراء مملکت زرتاج گل، محمد شبیر علی قریشی، ممبران قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، ظہور حسین قریشی، مخدوم زین حسین قریشی، محمد ابراہیم خان، رانا محمد قاسم نون، میاں محمد شفیق، طاہر اقبال، اورنگزیب خان کچھی، مخدوم سمیع الحسن گیلانی، سید مبین احمد، چودھری جاوید اقبال، عامر طلال گوپانگ، عبدالمجید خان نیازی، نیاز احمد جھکڑ، خواجہ شیراز محمود، محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سردار نصراللہ خان دریشک، سردار ریاض محمود مزاری، کنول شوزب، ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ، ثناء اللہ مستی خیل اور سردار محمد خان لغاری شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے موجودہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا مقصد جنوبی پنجاب کے عوام کو نمائندگی دینا اور بااختیار بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گی اور انتظامی امور میں درپیش مسائل پر بات چیت کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے این ڈی ایم اے کو کراچی میں برساتی نالوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ حکومت کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر نے ملاقات کی۔ یہ بات بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان میں بتائی گئی۔ دریں اثناء وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی ملک محمد احسان اﷲ ٹوانہ نے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں خیبر پی کے سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انضمام شدہ علاقوں میں ترقی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاور جنریشن پالیسی 2015 ء میں مجوزہ ترمیم پر غور کیا گیا۔ چشمہ رائٹ بنک کینال منصوبے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیرو ترقی اولین ترجیح ہے۔ توانائی شعبے کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں صوبائی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ چشمہ رائٹ بنک کینال منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ 6 ماہ میں مکمل کی جائے۔وزیراعظم نے بارش کے بعد کراچی کے حالات جاننے اور امدادی کاموں کیلئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوراً وہاں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے کہا ہے کہ کراچی میں بارش سے پیدا صورتحال کو ٹھیک کریں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کو بارشوں کے بعد صفائی کا ٹاسک دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...