لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) عامر ڈوگر گروپ نے ملک میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق نائب صدر و رکن قومی اسمبلی ملک محمدعامر ڈوگر نے کہا کہ عامر ڈوگر گروپ ملک میں فٹبال کے آنیوالے انتخابات میں حصہ لیگا۔ نارملائزیشن کمیٹی کا اصل مینڈیٹ شفاف انتخابات کرانا ہے۔ کسی کیساتھ ناانصافی یا زیادتی نہیں ہونے دینگے۔ عیدالاضحی کے بعد مہم کا آغاز کرینگے۔ ممبر پی ایف ایف کانگرس مسز فرزانہ روف اور سابق صدر پنجاب فٹبال سردار نوید حیدر خان نے عامر ڈوگر گروپ کی حمایت کا اعلان کردیا۔ مسز فرازنہ روف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں فٹبال فیڈریشن کی بحالی اور کھیل کی ترقی کیلئے عامر ڈوگر گروپ کیساتھ ہیں ۔ نوید حیدر خان کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر کی کامیابی پاکستان میں فٹبال کے احیاء کی جانب پہلا قدم ہوگا۔