سوشل میڈیا پر کرونا وائرس سے متعلق جھوٹی ویڈیو اپ لوڈ، صدر ٹرمپ نے بھی شیئر کردی

سان فرانسسکو (این این آئی) امریکا کی مشہور ویب سائٹس فیس بک، ٹویٹر اور یو ٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم سے ایک ایسی ویڈیو کو ہٹا دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا ضروری نہیں ہے۔اس ویڈیو میں ڈاکٹروں کا ایک گروپ دکھایا گیا تھا جو عوام کو ماسک نہ پہننے کی ترغیب دیتا دکھائی دیا۔ یہ ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ ڈونلڈ ٹرمپ جو پہلے ماسک پہننے کو ضروری نہیں سمجھتے۔ انہوں نے بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اسے شئیر کر دیا۔ خیال رہے کہ امریکی صدر کے ٹویٹر پر 84 ملین سے زائد فالوررز ہیں۔اس ویڈیو میں ڈاکٹروں کے ایک گروپ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ان ڈاکٹروں نے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کرونا سے بچاؤ کیلئے ماسک کو بطور احتیاط کیلئے پہننا بالکل بھی ضروری نہیں ہے اور یہ کہنا کہ ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کورونا کیخلاف کارآمد نہیں، جھوٹی سائنس ہے جو ادویات بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہے۔ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا کہ ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن، زنک اور زیتھرو میکس ہی اصل میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کارآمد ہیں جبکہ عوام کو ماسک پہننے کی بھی ضرورت نہیں کیونکہ اس وبا کا علاج موجود ہے۔جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شئیر کی گئی، اسے وائرل ہونے میں دیر نہیں لگی۔ ایک اندازے کے مطابق اسے ہٹائے جانے سے قبل 14 لاکھ دفعہ دیکھا اور 6 لاکھ مرتبہ شئیر کیا جا چکا تھا۔ فیس بک کے ترجمان کا امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غلط اور جھوٹی دعوؤں پر مبنی اس ویڈیو کو اب ہٹا دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن