کراچی(اسٹاف رپورٹر) بارش کے بعد لاکھوں افراد پر مشتمل آبادی بلدیہ ٹائون اور سعید آباد میں صحت و صفائی کا نظام مکمل طور پر ختم ہوکر رہ گیا ہے جگہ جگہ کیچڑ‘ گندگی کے ڈھیر اور ابلتے ہوئے گٹر کے بدبودار پانی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ بارش سے قبل علاقے میں متعلقہ محکموں کی جانب سے کسی نالے کی صفائی کا کام نہیں کیا گیا۔ بلکہ بعض مقامات پر نالوں پرتجاوزات قائم کرلی گئی ہیں۔ علاقے کے لوگوں نے بتایا بارش کے بعد صفائی کے انتظامات نہ ہونے سے پورے علاقے میں بدبو اور تعفن اٹھ رہا ہے خاص طور پر اقبال روڈ‘ گل داد شاہ روڈ‘ سیکٹر5-J‘19-D قبرستان روڈ‘ بلدیہ ٹائون ساڑھے 5 نمبر‘ مدینہ کالونی کی تمام اندرونی گلیاں کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں۔ علاقے کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ سندھ میئر کراچی‘ صوبائی وزیر بلدیات اور ڈپٹی کمشنر ویسٹ سے پر زور مطالبہ کیا کہ عید الاضحی سے قبل علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے انتظامات کئے جائیں اور بڑی شاہراہوں سے کیچڑ اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر صاف کئے جائیں۔
بلدیہ ٹائون‘ بارش کے بعد سڑکیں کیچڑ سے بھرگئیں‘ گندگی کے ڈھیر
Jul 30, 2020