ملتان (نمائندہ نوائے وقت)شربت بیچ کر پیٹ پالنے والے یتیم بچے نے میٹرک میں شاندار کارکردگی کی انوکھی مثال قائم کردی۔کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے 16 سالہ حذیفہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا مہمان بنا لیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کمشنر نے طالب علم کو 20 ہزار انعام اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر کمشنر شان الحق نے کہا کہ محنت سے اپنی شناخت بنانیوالے نونہار کی میزبانی پر فخر ہے۔ دہلی گیٹ کے حذیفہ نے اپنی محنت سے 1050 نمبر لیکر نہ صرف کامیابی کے جھنڈے گاڑے بلکہ اس ہونہار طالبعلم نے ثابت کیا کہ تعلیم کی دولت کسی مخصوص طبقے کی میراث نہیں۔ حکومت پنجاب حذیفہ کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر حذیفہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوصلہ افزائی اور پذیرائی کیساتھ وہ اپنی محنت اور تعلیم جاری رکھے گا اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرے گا۔
شربت بیچ کر پیٹ پالنے والے یتیم بچے نے میٹرک میں کارکردگی کی انوکھی مثال قائم کر دی
Jul 30, 2020