مکہ مکرمہ،حج مقامات میں بغیر اجازت داخلے کی کوشش پر 244 افراد گرفتار

Jul 30, 2020 | 11:37

ویب ڈیسک

 سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج موسم کے دوران منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کے اطراف سیکورٹی حصار قائم ہے جو موسم کے اختتام تک جاری رہے گا، کسی کو بھی غیر قانونی طریقے سے ان مقامات میں جانے نہیں دیا جائے گا۔عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے حج کی تازہ صورتحال پر بریف کرتے ہوئے کہا کہ نئے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مقررہ حفاظتی تدابیر کی پابندی سب پر لازم ہے، کوئی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورس کے ادارے ایسے کسی بھی شخص کو جس کے پاس حج کا اجازت نامہ نہیں ہوگا اسے مقدس مقامات میں داخل ہونے سے روکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے بغیر اجازت غیر قانونی طریقے سے حج مقامات میں داخلے کی کوشش کرنے والے244 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ترجمان سیکورٹی فورسز نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زورد یا ہے کہ وہ بغیر اجازت نامے کے حج مقامات میں داخل ہونے کی کوشش سے گریز کریں۔ وازارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ ماہ سے لوگوں کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ پرمٹ کے بغیر مشاعر مقدسہ جانے پر دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔حج مقامات میں داخلے پر پابندی کا نفاذ گزشہ ماہ ذوالقعدہ کی 28 تاریخ سے کیا گیا تھا جو 12 ذوالحج تک جاری رہے گی۔

مزیدخبریں