امریکی ایوان نمائندگان کے تمام ممبران اور عملہ کےلئے ماسک پہننا لازم ، خلاف ورزی پر چیمبر سے نکال دیا جائےگا، نینسی پیلوسی

Jul 30, 2020 | 12:10

ویب ڈیسک

 امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے باعث ایوان نمائندگان کے تمام ممبران اور عملہ کے لیے چیمبر میں داخل ہونے پر ماسک لازمی پہننے کے احکامات جاری کر دیئے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپیکر نینسی پیلوسی یہ حکم گزشتہ روز اس وقت جاری کیا جب ریپبلیکن رکن لوئی گوہمرٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کپٹل میں سفر کے دوران اکثر اوقات بغیر ماسک کے دکھائی دیئے اور بعدازاں ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ نینسی پیلووسی نے کہا کہ ممبران کو چیمبر میں صرف تقریر کے دوران اپنا ماسک اتارنے کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممبران اور عملے کو احکامات کی خلاف ورزی پر چیمبر سے نکال دیا جائے گا لہذا تمام افراد دوسروں کی صحت، تحفظ اور فلاح و بہبود کا احترام کرتے ہوئے اپنے اردگرد کے علاقوں اور چیمبر میں ماسک پہننے کے تقاضے کو پورا کریں۔ واضح رہے کہ امریکی کانگریس کے 10 اراکین یعنی 3 ڈیموکریٹ اور 7 ریپبلیکن اراکین کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں