کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ تنظیم (ایم کیوایم) پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹرفاروق ستارنے اوآرسی قطر کے انچارج جنید الرحمان کی رہائش گاہ پر منعقدہ عید ملن پارٹی میںشرکت کی ، اس موقع پرسینئر رہنماشاہد پاشا، فیضی، انجم اوراسلم بھٹوودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔تقریب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہء خیال کیاگیا۔ڈاکٹرفاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہاکہ بلدیاتی الیکشن ناگزیرہوچکے ہیں، سندھ حکومت بلدیاتی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، پوراشہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکاہے، سیوریج لائنوں اور گٹروں کی بری حالت ہے، بارشوں میں مزید حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے، اگر صفائی ستھرائی اور بندسیوریج لائنوں اور گٹروں کو نہ کھولاگیا تو بارشوں میں شہر کے بیشترعلاقوں کے ڈوبنے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن ہی کراچی اور کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل کاحل ہے،سندھ حکومت فوری طورپر بلدیاتی الیکشن کا اعلان کرے۔کراچی کے عوام کو مسائل کی دلدل میں مزید دھنستانہیں دیکھ سکتے ،بلدیاتی الیکشن میں بھرپورحصہ لیں گے،کارکنان تیاری کریں۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے لوگ کوئی لاوارث نہیں ہیںجو اپنے مسائل کے حل کے لئے دردرمارے پھررہے ہیں، ایک بار پھر کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔