اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دفاعی میدان میں بہترین تعلقات ہیں جنہیں مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی سے جنوبی افریقہ کے چیف آف نیشنل ڈیفنس فورسز، جنرل رڈزانی مفوانایا نے ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان، جنوبی افریقہ کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ پاکستان اپنی ’’لک افریقہ‘‘ پالیسی کے تحت جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے فوجی اور سیاسی سطح پر تبادلوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شہید، آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر رہا ہے۔ عالمی برادری بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی جنوبی افریقہ نیشنل ڈیفنس فورسز کے چیف نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق جنوبی افریقہ نیشنل ڈیفنس فورسز کے چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور پی اے ایف کی طرف سے گذشتہ سالوں میں بالخصوص خود انحصاری کے میدان میں ہونے والی غیر معمولی پیشرفت کو سراہا۔ ایئر چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ جنرل رڈزانی کی نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد پر سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا۔ ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور جنرل رڈزانی کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔