پاکستان کرکٹ ٹیم کی بار باڈوس سے گیانا آمد

گیانا (این این آئی)پاکستان کرکٹ اسکواڈ بارباڈوس سے گیانا پہنچ گیا، قومی کرکٹ اسکواڈ کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ہوئی ،کوویڈ 19 ٹیسٹ کے رزلٹ منفی آنے تک تمام کھلاڑی اور آفیشلز ایک روز تک روم آئسولیشن میں رہیں گے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 31 جولائی کو گیانا میں کھیلا جائے گا۔دریں اثناء  قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد وسیم جونئیر کوپہلے میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر حوصلہ افزائی کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ینگ بولرز کا کہنا تھا کہ میچ مکمل نہیں ہو سکا  لیکن بولرز کو اس میچ سے بہت اعتماد ملا ہے۔عثمان قادر نے اپنے ساتھی بولر محمد وسیم جونئیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم اور ان کی فیملی کے لیے یہ بڑا قابل فخر لمحہ ہے جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کی وکٹ حاصل کی جو کافی بڑی بات ہے جبکہ انہوں امید ظاہر کی کہ فاسٹ بولر اپنی اس فارم کو آگے بھی برقرار رکھیں گے۔لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے پلیئرز جارحانہ بیٹنگ کرتے ہیں، پچ سے ٹرن مل رہا تھا جبکہ منیجمنٹ نے رنز روکنے کی ہدایت کی تھی اس لیے پلان کے مطابق بولنگ کی گئی۔اس کے علاوہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے کہا کہ ڈیبیو میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، کپتان بابر اعظم نے یہی کہا تھا کہ لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے انجوائے کرنا ہے اس لیے میں نے بہت انجوائے کیا، انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کا اپنا مزہ ہے۔
وسیم جونیئر

ای پیپر دی نیشن