وزیر خارجہ کی بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات

منامہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی۔ جس کے دوران پاک بحرین تعلقات اور باہمی تعاون پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی شاہِ بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے منامہ میں ملاقات ہوئی جس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک بحرین تعلقات کی خاص اہمیت ہے۔ ہم باہمی تعاون کے تمام شعبہ جات میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
شاہِ بحرین سے ملاقات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی میزبانی پر کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔ بحرینی فرماں روا نے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی اور معاشی خوشحالی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ وزیرخارجہ نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کا پیغام بھی شاہِ بحرین تک پہنچایا۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کے قومی دن کے موقعے پر دسمبر 2019 میں اعزازی مہمان کی حیثیت سے مدعو کرنے اور بحرین کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نوازنے پر وزیر خارجہ نے بحرینی فرماں روا کا شکریہ ادا کیا۔
اسلام آباد میں کنگ حماد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز ہاسپٹل کے تحفے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور بحرین کے مابین عظیم اور برادرانہ تعلقات اور دوستی کا آئینہ دار ہے۔اس موقعے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہِ بحرین کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ دسمبر 2019 کے وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ بحرین کے بعد سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن