مسلم لیگ ن امارات کا سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر تعزیتی اجلاس

پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کا ایک تعزیتی اجلاس گزشتہ دنوں شارجہ میں ہوا جس میں سابق صدر پاکستان اور لیگی راہنما ممنون حسین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تعزیتی اجلاس کا اہتمام صدر پی ایم ایل این امارات غلام مصطفی مغل نے کیا جس میں چیئرمین محمد غوث قادری، خواجہ عبدالوحید پال، راجہ عابد حسین، را? اکبر ساقی، حاجی جمیل اسحق، راجہ ظہیر سملالوی، چودھری شاہد بشیر، عرفان اقبال طور، پی پی پی گلف کے صدر میاں منیر ہانس اور پی پی پی گلف کے راہنما محمد امین سرگانہ نے شرکت کی۔اس موقع پر مرحوم صدر کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور ان کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پی ایم ایل این کے متذکرہ شرکائے تعزیتی ریفرنس نے کہا کہ سابق صدر پاکستان ممنون حسین پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر ترین لیڈروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے ہر برے وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور پی ایم ایل این کے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ مخلص رہے۔ ممنون حسین ایک سچے پاکستانی، محب وطن، راسخ العقیدہ مسلمان، اصولوں کے پکے اور پارٹی کے ساتھ انتہائی مخلص تھے، انہوں نے اپنا پانچ سالہ عرصہ صدارت انتہائی احسن طریقے سے گزارا، مرحوم ایک شریف النفس انسان تھے جنہوں نے انتہائی سادہ زندگی گزاری۔ اس تعزیتی اجلاس کے موقع پر مرحوم ممنون حسین کے لیے اجتماعی طور پر دعائے بخشش و مغفرت کی گئی۔ -پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اور تقریب میں -سابق صدر پاکستان ممنون حسین کے انتقال کے موقع پر تعزیتی اجلاس ہوا جس کی صدارت پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال نے کی جس میں چیف آرگنائزر عبدالمجید مغل، عامر سہیل گھمن، حاجی محمد نواز، جمیل بنگیال، صغیر احمد، عارف عامر منہاس، چودھری عبدالراق، نبیل ظفر، وقاص گھمن، شوکت بٹ، راجہ خالد محمود، راجہ ابوبکر اور دیگر لیگی رہنما?ں نے شرکت کی۔
اس موقع پر متذکرہ افراد نے سابق صدر پاکستان ممنون حسین کے بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک سچے پاکستانی، وطن سے محبت کرنے والے اور مسلم لیگ ن سے گہری و دلی وابستگی رکھنے والے انسان تھے۔ ممنون حسین 2013ء سے 2018ءتک صدر پاکستان کی حیثیت سے رہے جبکہ وہ گورنر سندھ اور صدر چیمبر آف کامرس کے صدر بھی رہے۔ ممنون حسین ایک پکے مسلم لیگی تھے وہ ہر دور میں مسلم لیگ ن اور اعلیٰ قیادت کے ساتھ کھڑے رہے۔ مسلم لیگ ن کے لیے ان کی گرانقدر قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ممنون حسین بنیادی طور پر ایک شریف النفس انسان تھے جنہوں نے ساری عمر انتہائی سادگی سے گزاری اور سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا۔ مرحوم کے انتقال سے مسلم لیگ ن ایک مخلص لیڈر سے محروم ہوگئی۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت و بخشش بھی کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن