امپورٹڈ مصنوعی نظام کو بغیر وقت ضائع کئے ختم کیا جائے ، اسدعمر 

Jul 30, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمرنے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پر ظلم فوری بندکیا جائے آج کل نظریں سیاست پر لگی ہوئی ہیں مگر معیشت کی بگڑتی صورتحال نہایت تشویشناک ہے حالات پہلے ہی خراب ہوگئے تھے اب دن بدن بگڑتے جارہے ہیں پچھلے دو ہفتوں کے دوران زرِمبادلہ کے ذخائر میں 1.2 ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے آج سے تقریباً ایک ماہ پہلے چین سے 2.3 ارب ڈالرز کا قرض لیا گیاچین سے لئے جانے والے 2.3 ارب ڈالرز کے قرض میں سے 2 ارب ڈالرز استعمال ہوچکے ہیں اسد عمر نے کہا کہ نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ روپے کی قدر میں اتنی تیزی سے کمی آرہی ہے جسکی تاریخ میں مثال نہیں جس دن سے عدم اعتماد کی تحریک آئی ہے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 62 روپے تک گر چکا ہے اس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آچکا ہے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث آئندہ پٹرول، بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اور اضافے کا سامنا ہوگاصورتحال اتنی خطرناک ہو چکی ہے کہ ضروری ادویات بنانے کیلئے خام مال کی ایل سی اس وقت نہیں کھل رہی اسد عمرنے کہا کہ عالمی منڈیوں کی صورتحال یہ ہے کہ موڈیز، فِچ اور ایس این پی سب نے پاکستان کی درجہ بندی گرا دی ہے ہم پٹرول درآمد کرنے کی کوشش کررہے تھے اور دو دفعہ ٹینڈرز کئے گئیبلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کوئی آپ کو تیل بیچنے کو تیار نہیں۔ اس خطرناک صورتحال میں اس مصنوعی نظام کو گھسیٹتے چلے جانا کہ انا کا مسئلہ ہے اور طاقت نہیں چھوڑنی خدا کا واسطہ ہے پاکستان پر ظلم کرنا بند کریں وگرنہ یہ معیشت اتنی گہری کھائی میں گرنے والی ہے کہ اس سے نکلتے ہوئے سالوں لگیں گے، اسد عمر نے کہا کہ بہت نقصان ہو چکا ہے پاکستان کاوقت آگیا ہے کہ پاکستان پر مسلط کئے گئے اس امپورٹڈ مصنوعی نظام کو بغیر وقت ضائع کئے ختم کیا جائے۔

مزیدخبریں