سیلاب، پاک فوج، بحریہ امدادی کارروائیوں میں مصروف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج اور بحریہ ضلع لسبیلہ کے علاقوں اڑکی، اتھل، لاکھڑا سمیت دیگر دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا جس کا مقصد امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔ پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے متاثرہ علاقوں میں اپنے گھروں میں محصور افراد کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے امدادی سامان مہیا کیا۔ شدید سیلاب کے باعث سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ بہہ جانے کے باعث متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے ایسے علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا واحد اور موثر طریقہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان کی فراہمی ہے۔ پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے امدادی آپریشن کے دوران ایک شدید بیمار خاتون سمیت سیلاب میں پھنسے دیگر چھ افراد کو بھی بچایا جنہیں طبی امداد کے لیے اتھل منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن