پاکستان ہاکی فیڈریشن ‘ضلعی ‘صوبائی ایسوسی ایشنز کے انتخابات کا فیصلہ

Jul 30, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ضلعی صوبائی ایسوسی ایشنز سمیت پی ایچ ایف الیکشنز2022-2026 کا فیصلہ کرلیا گیا۔ انتخابات پاکستان ہاکی فیڈریش کے آئین 2010 کے مطابق 5 تا 20 اگست منعقد کرائے جائینگے۔پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے مشیر آزاد جموں و کشمیر و سابق چیف الیکشن کمشنر پی ایچ ایف چوہدری محمد ریاض کو چیف الیکشن کمشنر نامزد کیا ہے۔مزید برآں اس نامزدگی کے سلسلہ میں ممبران 48 گھنٹوں کے عرصہ کے دوران انکی تعیناتی سے متعلق تحریری اعتراضات پی ایچ ایف کو جمع کراسکتے ہیں۔پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے بنائی گئی الیکشن کمیٹی کے ممبر اولمپیئن ناصر علی کے مطابق ہاکی کلبوں کی سکروٹنی پہلی چیف آف آرمی سٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ 2022 کے ذریعہ کرلی گئی تھی تاہم ایسے اضلاع میں جن رجسٹرڈ ہاکی کلبز کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشنز کی جانب سے بوجوہ شامل نہیں کیا گیا وہاں ضلعی ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سکروٹنی کمیٹی باقاعدہ سکروٹنی کرے گی۔ ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنز کے انتخابات 13 اگست تک مکمل ہوجائینگے جبکہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز کے انتخابات 17 اگست تک تکمیل پائینگے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مرکزی انتخابات19اگست کو ہونگے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات نامزد کمیٹی کرائے گی جو کہ چیف الیکشن کمشنر نامزد کرینگے جس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی نمائیندگی بھی شامل ہوگی۔انتخابی قواعد و ضوابط معہ انتخابی شیڈول الیکشن کمیٹی ممبران کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کوحتمی منظوری کیلئے بھجوایا جائے گا۔

مزیدخبریں