سہ فریقی سیریز ،پاکستان اور نیوزی لینڈ 8 اکتوبر کومدمقابل آئیں گی

Jul 30, 2022

لاہور(اسپورٹس رپورٹر )آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میںپاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجودپاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی،جہاں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میںپاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبرن میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔میگا ایونٹ میں پاکستان اپنے اگلے دو میچز 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائینگ ٹیموں کے خلاف کھیلے گا۔قومی کرکٹ ٹیم 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ اور 6 نومبر کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف مدمقابل آئے گی۔

مزیدخبریں