قومی اسمبلی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے اپنے سوالوں کے جواب نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں 32 سوالات کے جواب نہیں دیئے گئے۔ میرے وقفہ سوالات اور غیر نشاندار سوالات میں اکثر کا جواب ہی نہیں۔ سینٹ میں حالیہ سیلاب سے جاں بحق، شہید جوانوں ودیگر کے لیے دعا کرائی گئی۔ جبکہ سابق سینیٹرکرنل (ر) طاہر مشہدی کے لیے تعزیتی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی۔ جبکہ نو منتخب سینیٹر خالدہ سکندر میندھرو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ارکان نے سابق سینیٹرکرنل (ر) طاہر مشہدی کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بولے! میں نے جو گائون پہنا ہے وہ بھی کرنل مشہدی نے ڈیزائن کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ارکان نے بجٹ کو لے کر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ملک میں فوری عام انتخابات کا مطالبہ کر ڈالا، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ جو بجٹ سینٹ میں پیش کیا گیا وہ اصل نہیں تھا24 جون کو اصل بجٹ سامنے آیا، اس طرح سینٹ کا استحقاق مجروع کیا گیا، خراب سیاسی و معاشی صورتحال کے تانے بانے رجیم چینج سے ملتے ہیں۔ وزیر قانون نے اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو جواب دیا اور غلط ثابت ہو نے پر استعفیٰ دینے کا چیلنج کر دیا، بولے! میں استعفی دوں گا اگر میں نے غلط بات کی، قرآن پر ہاتھ رکھ کر دس مقدمے انکے خلاف پیش کروں گا۔ شیری رحمان نے بھی تحریک انصاف کو خوب لتاڑا، بولیں ! آپ کشکول توڑنے آئے تھے لیکن آپ نے قرضوں کی سونامی کھولی، چیریٹی کے نام پر یہ پیسہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں گیا، انہوں نے خیرات کے نام پر فارن فنڈنگ لی اور غریبوں کے نام پر پیسہ لیا۔
سینٹ:فارن فنڈنگ کی گونج استعفے چیلنج قسمیں پی ٹی آئی کی تنقید
Jul 30, 2022