اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی نظامت تعلیمات نے نئے اکیڈمک سال کیلئے جاری کردہ کیلنڈر میں وفاقی دارلحکومت بھر کے تعلیمی اداروں کیلئے جاری کردہ شیڈول میں ایوننگ شفٹ کی ٹائمنگ چھ بجے سے بڑھا کر سات بجے شام تک کر دی ہے۔والدین کا کہناہے کہ چھوٹی کلاسز کے بچوں کو سورج غروب ہو نے کے بعدگھر واپس آنے کے لیے مشکلات کا سامنا کر نا پڑے گا نظر ثانی کی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی نظامت تعلیمات کی طرف سے 29 جولائی کو جاری کردہ سالانہ اکیڈمک کیلنڈر میں جہاں ایک طرف اساتذہ کیلئے ورک لوڈ بڑھا دیا گیا وہیں دوسری طرف ایوننگ شفٹ میں زیر تعلیم ہزاروں بچیوں اور بچوں کی چھٹی کی ٹائمنگ بھی بڑھا کر شام سات بجے کر دی گئی ہے ۔واضح رہے وفاقی دارلحکومت کے اربن سیکٹر کے تقریبا تمام بڑے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے بڑھتے رجحان کے سبب شام کی شفٹ میں ہزاروں طلبہ و طالبات تعلیم ھاصل کر رہے ہیں ۔جو پہلے ایک بجے سے لیکر شام چھ بجے تک تعلیم حاصل کرتے تھے۔اب ایف ڈی ای کی طرف سے جاری کردہ نئے اکیڈمک کیلنڈر میں شام کی شفٹ کی چھٹی کی ٹائمنگ بڑھا کے شام سات بجے کر دی گئی ہے ۔جس سے ایوننگ شفٹ میں پڑھنے والے ہزاروں چھوٹے بچے اور بچیوں کے والدین شدید پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں ۔
ایف ڈی ای نے تعلیمی اداروں میں ایوننگ شفٹ کی ٹائمنگ 7بجے شام کر دی
Jul 30, 2022