راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے کہا ہے کہ گندھارا ایک مکمل تہذیب کا آئینہ دار ہے،گندھارا آرٹ دراصل یونانی، ساکا، پارتھی اور کشن تہذیبوں کا نچوڑ ہے، سنگ تراشی، مجسمہ سازی، تصویرکشی اور مختلف نقوش پر مشتمل کندہ کاری کا جو فن وجود میں آیا، اُسے گندھارا آرٹ کا نام دیا گیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندھار تہذیب پر مبنی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا،ثمن رائے کا کہنا تھاکہ گندھار تہذیب امن،محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے،ہمیںدنیا کو بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان میں دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں گندھار،ہڑپاپہ اور موہن جو داڑو موجود ہیںجن کو حکومت پاکستان نے اصل حالت میں بحال رکھا ہے،حکومت پنجاب نے بھی سال2022-23 میں گندھار میلہ کرانے کا اعلان کیا ہے،جس میںپاکستان میں موجود غیر ملکی سفیروں،اداروں ، این جی اوز کو مدعو کیا جائیگا، نمائش میں محمد شفیق اور طارق بٹ کے گندھار آرٹ کے مجسمے رکھے گئے تھے، اختتام پر دونوں سنگ تراشوںکو تعریفی اسناد سے نوازا گیا، نمائش31جولائی تک جاری رہے گی۔