یاسین ملک کی بگڑی صحت بھارتی ناظم الا مور کی دفتر خارجہ طلبی پاکستان کا احتجاج 

اسلام آباد‘ سری نگر (نوائے وقت رپورٹ/ کے پی آئی) پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے حریت رہنما یاسین ملک کی تیزی سے بگڑتی صحت کی صورتحال پر احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے یاسین ملک کی جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا بھارتی وزیراعظم کے نام خط بھی بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا ہے۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے خرابی صحت کے باوجود جمعہ کو مسلسل آٹھویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری رکھی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق یاسین ملک نے ڈاکٹروں کو تحریری طور پر مطلع کر دیا ہے کہ وہ اپنا علاج نہیں چاہتے لیکن تادمِ مرگ بھوک ہڑتال جاری رکھنا چاہتے ہیں۔  جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کی صدر  اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے تجویز دی ہے کہ آزاد کشمیر  اور مقبوضہ کشمیر کو عالمی امن زون قرار دیا جائے۔ ان دونوں علاقوں کو سارک تعاون زون  بھی قرار دیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے چار سال مکمل ہونے پر5  اگست کو حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی۔
بھارتی ناظم الامور طلبی

ای پیپر دی نیشن