فنانشل ٹائمز کی رپورٹ سے عمران خان کے چہرے سے شرافت کا نقاب اتر گیا شرجیل انعام میمن

کراچی (نیوز رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ آنے کے بعد عمران خان کے چہرے سے شرافت کا نقاب اتر چکا ہے ، جو شخص مخالفین کو چور کہتا تھا ، رپورٹ سے ثابت ہوگیا عمران خان سب سے بڑا ڈاکو ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرے اور وزیراعظم اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی جے آئی ٹی تشکیل دے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکین اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ ، گھنور اسران اور ممتاز علی جاکھرانی کے ہمراہ سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں منی ٹریل تک دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنانشل ٹائمز ایک مستند جریدہ ہے جس کی آج تک کوئی خبر باﺅنس نہیں ہوئی ہے ۔اگر عمران نیازی میں ہمت ہے تو فوری طور برطانیہ میں جاکر کیس دائر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے اس رپورٹ پر کوئی ری ایکشن نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق جعل سازی کے ذریعے پیسے پی ٹی آئی کے اکاﺅنٹ میں آئے ، جہاں سے پیسے پھر مختلف محاذ پر استعمال کئے جا رہے ہیں اور اداروں کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ آنے کے بعد وفاقی حکومت چاہے تو آج بھی عمران خان کو گرفتار کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے گذارش ہے کہ فارن فنڈنگ کا فوری فیصلہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے دوسروں کے ساتھ فارن فنڈنگ کا کیس سنایا جائے ۔ پھر شہید ذوالفقار علی بھٹو صاحب کا ریفرنس موجود ہے سپریم کورٹ میں برائے مہربانی اس ریفرنس کا پہلے فیصلہ سنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حواریوں کے بھی نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیا اب ہمارے ملک میں بھارت اور اسرائیل کے پیسوں سے سیاست ہوگی ؟۔
 شرجیل میمن 

ای پیپر دی نیشن