ماتلی (نامہ نگار)غریب آباد محلہ اور مہران کالونی کا وسیع علاقہ اور گلیاں گندے بدبو دار بارش کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔اہل محلہ کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی تو ایک طرف ہمیں گندے پانی میں ڈبونے والی اس علاقہ کی کھان (جھیل) ہے جس سے پلٹ کر آنے والے سیوریج کے گندے پانی نے ان دونوں کالونیوں اور پورے علاقہ میں سیلابی صورتحال پیدا کر کے رکھ دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس علاقہ کے مکینوں کا گھروں میں آنا جانا مشکل ہو گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مین ٹنڈو غلام علی روڈ سے مین حیدرآباد روڈ المصطفیٰ چوک کوملانے والی لنک روڈ تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔یہ واحد لنک روڈ ہے جو گرلز کالج اور نجی و سرکاری تعلیمی اداروں اور اسپتال تک آنے جانے کے لئے سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے۔علاقہ مکینوں نے یہ بھی بتایا کہ اس لنک روڈ کو بیوٹی فکیشن پروجیکٹ کے تحت پختہ بنانا تھا مگر اسے ادھورا چھوڑدیا گیا ہے۔ دوسری جانب بیوٹی فکیشن پروجیکٹ کے تحت فاروقیہ مسجد علاقہ اور نظامانی محلہ سمیت واڈھا محلہ کا سیوریج اور بارش کا پانی مین حیدرآباد بدین روڈ پر قائم مین ڈرینج نالا تک پہنچانے کے لئے زیر زمین ڈالی جانے والی پائپ لائین ان محلوں کے مرکزی عثمان چوک سے آگے لینے سے قاصر ہے۔اس نقص کی اہم وجہ عثمان چوک کا تقریباً 600 فٹ کا حصہ نشیبی ہے۔ پروجیکٹ کے تحت ڈرینج لائن ڈالنے والی ٹھیکیدار کمپنی نے گرائونڈ لیول اور واٹر لیول چیک کئے بغیر نشیب ہی میں پائپ بچھا دیئے تھے۔مزدوروں کے انچارج سمیت خود وہاں موجود سابق چیئر مین کو یہ بتایا کہ ایک پائپ ٹوٹا ہواہے اسے تو بدلی کردو کسی نے نہیں سنی ۔
ماتلی /سیوریج سسٹم