حضرت عمرؓ کی اسلام کی سربلندی کیلئے قربانیاں لازوال ،مولانا عبدالحبیب عطاری

Jul 30, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحبیب عطاری  نے کہا ہے کہ حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نیکوکار ،مسلمانوں پر رحم کرنے والے ،عدل وانصاف قائم کرنے والے ہیں ،آپ وہ ہستی ہیں جنہوں نے کافروں کے شہر کو فتح فرمایا ،یہاں تک کہ قیصر وکسریٰ کے محلات اور بیت المقدس فتح فرمایا ،حضرت عمر فاروق اعظم رضی تعالیٰ عنہ ابھی دنیا میں تشریف نہیں لائے تھے اس وقت بھی آپ کا ذکر خیر آسمانی کتابوں میں موجود تھا ،آسمانی کتابوں کے عالم ،پہلے نبیوں کے ارشادات کو جانتے تھے ،انہیں معلوم تھا کہ امت مصطفی میں ایک شخص ہونگے ،ان کا نام عمر بن خطاب ہوگا ، ان کا دین بہتراور یقین نہایت پختہ ہوگا ،جب تک وہ دنیا میں رہیں گے دین غالب رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورانی مسجد مراد میمن گوٹھ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دعا ئے مصطفی ﷺکی برکت سے حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب تک دنیا میں رہے اسلام کی سربلندی کیلئے کوشاں رہے ،پیارے آقا ﷺکے ساتھ جنگوں میں بھی شریک ہوئے ،جان ہتھیلی پر رکھ کر اسلام کی خاطر لڑے ،اسلام کی سر بلندی کی خاطر آپ نے خود کو مشقت میں ڈالا،تقریباً آدھی دنیا کا رعب دار خلیفہ ہو نے کے باوجود آپ نے پیوند لگے کپڑے بھی پہنے ،قربانیاں دیں ،اپنی خواہشات کو زیر کرکے ہمیشہ اسلام ہی کو سربلند کیا ۔مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ آہ آج ہم اپنی خواہشات کی تکمیل کی خاطر اپنے آرام کیلئے ،اسلام کی سربلندی کی پرواہ نہیں کرتے ،ہمارے کردار کو دیکھ کر کفار اسلام سے نفرت کرنے لگتے ہیں ، دنیا کی محبت ،مال ودولت کی حرص اپنی انا کیلئے ذات پات کے نام پر بے جا لڑائی ،قتل وغارت، جھوٹ ،بہتان ،دھوکہ غرض وہ کونسی برائی ہے جو آج مسلمانوں کے کردار میں دیکھنے کو نہیں ملتی،ہمارا منفی کردارصرف ہمارے لئے نہیں بلکہ اللہ کے پاکیزہ دین ،دین اسلام کے حق میں بھی نقصان دہ ہے ،لوگ مسلمانوں کو دیکھ کراسلام کی تصویر اپنے دل و دماغ میں بٹھاتے ہیں ،ہم بھی دل سے دنیاکی محبت نکالیں ،مال ودولت کی حرص سے پیچھا چھڑائیں ،ذاتی لڑائی جھگڑے مٹا کر سب ایک ہوجائیں ،اتفاق واتحاد کے ساتھ سب عاشقان رسول ملکر دین کی خدمت کریں ،ہم اپنا کردار دین  اسلام کے مطابق بنائیں، اپنے کام اسلام اورشریعت کے اصولوں کے مطابق ڈھالیں ،اپنا چال چلن بدلیں ،اپنا طرز زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق بنائیں ۔
مولانا عبدالحبیب عطاری

مزیدخبریں