پارک حضرت سلمان فارسی اور گوشہ فن موسیقار سہیل رانا سے منسوب

Jul 30, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی دو مختلف قراردادوں کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ جنرل کی عمارت کے قریب واقع پارک کو ’’حضرت سلمان فارسیؒ ‘‘ سے منسوب کرنے اور بوٹ بیسن کلفٹن میں واقع گوشہ فن کو معروف موسیقار ’’سہیل رعنا‘‘ سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی ہے، تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل جناب حسن نورانی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردہ ایک خط میں دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کے حوالے سے اس سال دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ (ڈائمنڈجوبلی) کے موقع پر ایران کے قونصلیٹ جنرل کی عمارت کے ساتھ ملحقہ پارک کا نام تبدیل کرکے ’’ سلمان فارسی‘‘ پارک رکھنے کی سفارش کی گئی تھی، مذکورہ پارک نیوکلفٹن، گارڈن، بلاک4-، کلفٹن نزد دو تلوار پر واقع ہے جو پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام ہے لہٰذا ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حکومت سندھ سے تفویض کردہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس قرارداد کی منظوری عطا کردی ہے جبکہ میٹروپولیٹن کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے پیش کی گئی دوسری قرارداد کے ذریعے معروف موسیقار سہیل رعنا کی فنی خدمات کے صلے میں بوٹ بیسن کلفٹن میں واقع گوشہ فن کا نام سہیل رعنا سے منسوب کرنے کی سفارش کی گئی تھی جس کی ایڈمنسٹریٹر کراچی نے منظوری دے دی ہے ، سہیل رعنا کو 1981 ء میں ان کی فنی خدمات کے صلے میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 2012ء میں ستارہ امتیاز کے اعزاز سے نوازا جاچکا ہے اور وہ پاکستان ٹیلیویژن کی طرف سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں، سہیل رعنا نے متعدد مقبول ملی نغمات اور یادگار فلمی گیتوں اور بچوں کے لئے دوہزار سے زائد گانوں کی موسیقی ترتیب دی اور شہرت کے بام عروج تک پہنچے اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کی بدولت موسیقی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، سہیل رعنا شہرہ آفاق، قومی و ملی نغمات کی لازوال دھنیں بنا کر آج بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں بسے ہوئے ہیں، ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے‘‘، اپنی جاںنذر کروں، اپنی وفا پیش کروں، قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں‘‘ان کی فنی عظمت کے شہ پارے ہیں، انہوں نے مختلف پاکستانی فلموں کے لئے بھی موسیقی ترتیب دی اور ان کی موسیقی میں گائے ہوئے فلمی نغموں کو سامعین نے بے حد پسند کیا، ان دونوں قراردادوں کی منظوری سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 85 اور 86 کے تحت دی گئی ہے جس کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی حدود میں واقع عوامی جگہوں اور راستوں کو اپنے شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات کے نام سے منسوب کرنے کی مجاز ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی

مزیدخبریں