پاکستان انسانی سمگلنگ کی لعنت سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے،صدرمملکت

Jul 30, 2022 | 15:48

ویب ڈیسک

 انسانی سمگلنگ انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے

پاکستان نے قانونی فریم ورک کو نافذ کرنے کیلئے سخت اقدامات شروع کئے ہیں

ڈاکٹرعارف علوی کا انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی سمگلنگ کی لعنت سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام میں ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ ا نسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن انسانی سمگلنگ کے متاثرین کی حالت زار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے منایا جاتا ہے،انسانوں کی سمگلنگ انسانی زندگیوں اور مجموعی طور پر معاشرے پر دیرپا اثر چھوڑتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے، انسانوں کی سمگلنگ میں غیر قانونی طریقوں کے ذریعے انسانوں کے استحصال سے سمگلر منافع حاصل کرتے ہیں، پاکستان انسانی سمگلنگ کی لعنت سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان نے بین الاقوامی معیار کے مطابق قانونی فریم ورک کو نافذ کرنے کے لئے سخت اقدامات شروع کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افراد خصوصاً خواتین اور بچوں کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ٹریفکنگ ان پرسن ایکٹ 2018 نافذ کیا ہے، قانون میں ایسے غیر قانونی کاموں کے مرتکب افراد کے لئے دس سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ، وزیر داخلہ کی سربراہی میں انسانی سمگلنگ سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ، یہ کمیٹی انسانی سمگلنگ کی تمام اقسام کے خلاف جنگ میں قومی کوششوں کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر تمام متعلقہ محکموں بشمول سوشل ویلفیئر، لیبر، پولیس، چائلڈ پروٹیکشن اور این جی اوز کو صوبائی اور ضلعی انسداد انسانی اسمگلنگ کمیٹیوں کا حصہ بنایا گیا، ایف آئی اے نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کے تعاون سے انسانی سمگلنگ اور تارکین وطن کی سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے قومی ایکشن پلان تیار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف ایکشن پلان مختلف سٹیک ہولڈرز کے کردار کو نمایاں کرتا ہے، قومی ردعمل کے لئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ 

مزیدخبریں