لاہور: پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی نااہلی کے لیے مراسلہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھجوادیا گیا۔مراسلےکے متن میں کہا گیا ہے کہ دوست مزاری نے 16 اپریل اور 22 جولائی کو ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو متنازع بنایا اور انہوں نے پولیس کو اسمبلی کے اندر بلوا کر ارکان اسمبلی پر تشدد کرایا۔مراسلے کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوست مزاری نے سپریم کورٹ کے17 مئی کے احکامات کی نہ صرف خلاف ورزی کی بلکہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے لہٰذا دوست مزاری کو نااہل کرانے کے لیے اسپیکر اسمبلی الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھجوائیں۔پنجاب اسمبلی کے رکن محمد رضوان کی طرف سے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کو نااہل کرانےکیلئےاسپیکرپنجاب اسمبلی کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے جو 67 صفحات پر مشتمل ہے۔