حکومت انسدادپولیو کیلئے ہنگامی منصوبے پرعملدرآمدکررہی ہے:شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انسداد پولیو پروگرام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی ہنگامی منصوبے پر عملدرآمد کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو خیبر پختونخوا میں پولیو کے مصدقہ کیسز میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہی۔گذشتہ روزوزیر اعظم نے بل گیٹس کیساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران پاکستان میں صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں میں ان کے قابل قدر تعاون پر بل اور ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔اس سے پہلے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فائونڈیشن کے ساتھ جاری تعاون کے تمام شعبوں میں مفید شراکت داری مزید مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام، غذائی اور مالیاتی شمولیت میں بہتری کیلئے بل اینڈ میلینڈا فائونڈیشن کی معاونت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اورانسداد پولیو پروگرام کو ہر سطح پر بہتر بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام کے تمام ارکان، خصوصا صفِ اول میں کام کرنے والے کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بل گیٹس نے پاکستان کیلئے فائونڈیشن کی طرف سے امداد کی فراہمی جاری رکھنے کا اعادہ کیا تاکہ بچوں کو پولیو وائرس کے باعث معذور ہونے سے بچایا جا سکے۔