ریڈیو پاکستان میں جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے 33 فیصد بجلی کی بچت ہوگی: مریم اورنگزیب

Jul 30, 2023 | 10:50

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج ریڈیو پاکستان کے 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے منصوبے کے آغاز پر پوری قوم اور ریڈیو سامعین کو مبارک دیتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹرکی تنصیب کا منصوبہ ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں ایک انقلابی سنگ میل ہے ،ہائی پاور ٹرانسمیٹر راولپنڈی کے نواحی علاقے روات میں نصب ہوگا،منصوبے پر عمل کا آغاز آج سے ہوگا اور دو سال میں تکمیل ہوگا ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا یہ بڑا قدم ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے تعاون پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے افسران خاص طور پر ڈائیریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن اور ان کی ٹیم کی محنت اور کوششوں کو سراہتی ہوں ،1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی آواز اور نشریات 52 سے زائد ممالک تک سنی جائیں گی ۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ برصغیر کے علاوہ وسط ایشیا، مڈل ایسٹ، فار ایسٹ، ترکی اور یونان تک سنی جا سکیں گی،ریڈیو پاکستان کی نشریات ہمسایہ ممالک کو کور کریں گی جن میں نیپال، بنگلہ دیش، انڈیا، افغانستان، ایران ، متحدہ امارات، قطر، ترکمانستان شامل ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کے 20 میں سے 14 میڈیم ویو طبعی عمر پوری کر چکے تھے،جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے 33 فیصد بجلی کی بچت ہوگی جس سے ریڈیو پاکستان کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی نشریات کی آواز کی کوالٹی بڑھ جائے گی ،جدید ٹرانسمیٹر ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال (ڈی آر ایم) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جس کی مدد سے ایک وقت میں چار مختلف سگنل بھیجے جاسکیں گے وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کے سگنل کی قوت اور دائرہ بڑھ جائے گی،جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے بعد ایمرجنسی وارننگ کی سہولت بھی میسر ہوگی جس کے ذریعے قدرتی آفات کی صورت میں شہریوں کو بروقت خبردار کیا جاسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بند ریڈیو سیٹ یا ریسویور کے ذریعے بھی قدرتی آفت کی صورت میں پیغام نشر ہو سکے گا ،بین الاقوامی ادارے ڈی آر ایم کنسورشیم (برطانیہ) نے بھی ریڈیو پاکستان کو 75 سال بعد اینالاگ سے ڈیجیٹل میں تبدیلی کے حکومت پاکستان کے فیصلے کو سراہا ہے۔

مزیدخبریں