دیامر میں شدید بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ کے سبب شاہراہ قراقرم گندلو سے تتہ پانی تک بند کر دی گئی۔شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر رات سے بند ہونے سے سیاح اور مسافر پھنس گئے ہیں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ متعددگاڑیاں لینڈسلائیڈنگ کی زد میں آکر تباہ ہوگئی ہیں۔لینڈ سلائیڈنگ سے انتظامیہ کو امدادی کاموں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ قرقرام کی روڈ کو کلیئر کرنے کا کام جاری ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتِ حال جاری ہے جس کے باعث کہیں سڑکیں بہہ گئیں تو کہیں لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے جبکہ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔بارشوں سے مانسہرہ میں سیلابی ریلا سڑک بہا لے گیا تو لینڈ سلائیڈنگ سے اوگی دربند روڈ بند ہوگئی، شہر میں اونچائی پر بنا قبرستان بھی شدید متاثر ہوا۔ضلع مہمند میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔