پشاور (نیٹ نیوز) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کے پی سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین اگر صوبے کے حالات ٹھیک نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دے دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنر کی وجہ سے انہیں ذہنی کوفت اٹھانا پڑی، اس لیے ہرجانے کا نوٹس بھیجا، وزیراعلیٰ کو آفر کرتا ہوں، سندھ آئیں وہاں ان کا ذہنی علاج مفت کراتا ہوں۔ عزم استحکام آپریشن پر تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہیے تھا، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے آپریشن سے اختلاف نہیں کیا، امن و امان کی صورتحال خراب ہے، ہم بھی آپریشن نہیں چاہتے لیکن امن و امان پر کوئی سیاست نہیں کر رہے، آپریشن کے بغیر حالات بہتر کرنے کے لیے کوئی آپشن ہے تو بتائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پہلے اپنے کیسز ختم کریں پھر وزیراعظم بننے کا خواب دیکھیں، پی ٹی آئی پر اب یہ نوبت آگئی ہے کہ احتجاج بھی نہیں کر سکتی اورکہتی ہے کہ احتجاج کی اجازت نہیں ملتی، ہم تو بغیر اجازت کے جلسے اور احتجاج کرتے تھے، ماضی میں پی ٹی آئی کے وکلاء نے ہمیشہ اپنی پارٹی کو پھنسایا اور مشکلات پیدا کیں۔