خیبر پی کے میں مختلف آپریشن ، 5دہشت گرد ہلا ک ، اہلکار شہید 

Jul 30, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) خیبر پی کے  میں سکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے 28 اور 29 جولائی کے دوران ضلع مہمند میں 3، ضلع  ڈی آئی خان اور جنوبی وزیرستان میں ایک ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، تنصیبات، شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ضلع مہمند میں کارروائی کے دوران پولیس کانسٹیبل ابرار حسین نے جام شہادت نوش کیا۔ یاد رہے 2 روز قبل بھی سکیورٹی فورسز نے  ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کر کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں