اسلام آباد (خبر نگار خصوصی نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی’’ فچ‘‘ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے۔ پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مالیاتی ٹیم کی محنت اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر دن رات کام کر رہے ہیں، اس کے ثمرات عوام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ فچ اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی رپورٹس پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے اہم ہیں۔ پاکستان کی معاشی بہتری کے راستے پر مزید محنت اور جذبے سے آگے بڑھیں گے۔ امید ہے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پاکستان کی معاشی بہتری اور سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کا اعلان بھی معاشی بہتری کی ایک اور جھلک ہے۔ شرح سود میں کمی سے افراط زر میں مزید کمی ہوگی۔ کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے غیرمعمولی بارشوں میں عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کے بروقت انخلاء اور پانی کی نکاسی یقینی بنائیں۔ طبی عملے، ادویات اور بروقت علاج، ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو چاروں صوبائی حکومتوں، حکومت آزاد جموں و کشمیر اور حکومت گلگت بلتستان کی معاونت کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نکاسی آب، شہریوں کی سہولیات کے لئے اقدامات اور صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، ادارے اشتراک عمل سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کے بروقت انخلاء اور پانی کی نکاسی یقینی بنائیں۔ طبی عملے، ادویات اور بروقت علاج، ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے واٹر پمپس اور دیگر مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ادھر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شہزادہ عبداللہ بن خالد بن ترکی بن عبدالعزیز بن ترکی السعود کی وفات پر سعودی فرمانروا، خادم الحرمین الشریفین، سلمان بن عبد العزیز السعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں میری تمام تر ہمدردیاں سعودی شاہی خاندان اور سعودی عوام کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم شہزادہ عبداللہ بن خالد بن ترکی بن عبدالعزیز بن ترکی السعود کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعظم نے خیبر پی کے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہمند، ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان میں پانچ خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ شہباز شریف نے مہمند میں دہشتگردوں سے لڑائی میں شہید پولیس اہلکار ابرار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے بلندی درجات، اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن نے ثابت کیا وطن کے دفاع کیلئے پرعزم افسروں و جوانوں سے دہشتگرد بچ نہیں سکتے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے دفاع وطن کیلئے غیر متزلزل عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
فحچ ریٹنگ کا خیر مقدم ، ریاست کی خاطر سیاسی کی قربانی کا ثمر مل رہا ہے : وزیراعظم
Jul 30, 2024