اسلام آباد+گوادر (خبر نگار خصوصی +سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) گوادر میں ’نام نہاد بلوچ راجی موچی‘ کے آڑ میں پرتشدد مظاہرین نے ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی فورسز پر حملہ کر کے 30 سالہ سپاہی کو شہید کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پرحملہ نام نہاد بلوچ راجی موچی کے آڑ میں کیا گیا۔ حملے میں 30 سالہ سپاہی شبیر بلوچ نے جام شہادت نوش کیا اور پرتشدد مظاہرین کے بلا اشتعال حملوں میں ایک افسر سمیت 16 فوجی زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔ فورسز نے سویلینز کی ہلاکتوں سے بچنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کیا، ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر نے شہریوں سے اپیل کی کہ پروپیگنڈے کا شکارنہ ہوں، پرسکون اور پرامن رہیں اور امن وامان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کا امن و استحکام سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایاکہ سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر غیرقانونی پرتشدد مارچ کیلئے ہمدردی اور حمایت حاصل کرنے کیلئے پروپیگنڈا کیا گیا۔وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ گوادر میں تمام مظاہرین منتشر ہو گئے۔ حالات معمول پر آ گئے، کچھ شرپسند عناصر گوادر کے حالات خراب کرنا چاہتے تھے، وزیر داخلہ بلوچستان کی زیر صدارت گوادر میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں گوادر کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ امن و امان سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں بیس سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا آئین پاکستان کے مطابق بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ خواتین سے اپیل اور امید ہے کہ احتجاج کے دوران عزت و احترام کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر میں پرتشدد مظاہرین کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے مظاہرین کے حملے میں شہید ہونے والے سپاہی شبیر بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمی ہونے والے فوجیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔
کوادر پر تشد مطاہرین کا سکیورٹی فورسز پر حملہ شہید 16زخمی
Jul 30, 2024