گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)نائب صدر لائیرز فورم مسلم لیگ(ن)گوجرانوالہ رانا مدثر نذر خاں ایڈووکیٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ سے نااہل قرار دینے کی سزا کے سات سال مکمل ہونے پرکہا کہ ایک منصوبے کے تحت ہنستے بستے، ترقی کی شاہراہ پر آگے بڑھتے پاکستان کو پستی کی کھائی میں دھکیل دیا گیا تھا، پچیس کروڑ عوام مسلسل اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔تب ترقی کی شرح 6.3اور مہنگائی 3فی صد تھی، لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی تھی۔ دہشت گردی کا سر کچلا جا چکا تھا۔ آئی ایم ایف کو الوداع کہہ دیا گیا تھا۔ سی پیک کی شکل میں 60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی تھی۔قائد نواز شریف پاکستان کو اقتصادی معاشی طور پر ایشیاء کا ٹائیگر بنا رہے تھے۔ دنیا کا ہر ادارہ رپورٹ دے رہا تھا کہ جس سپیڈ سے پاکستان چل رہا ہے اسے کوئی طاقت خوشحالی سے نہیں روک سکتی۔