لاہور (خصوصی نامہ نگار) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سے تحفظ ہر فردکا بنیادی حق ہے، شہریوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ سال میں ایک مرتبہ ضرورسکریننگ(تشخیصی ٹیسٹ) کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مناسب احتیاط اور بروقت علاج سے اس موذی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے تجویز دی کہ سرکاری سطح پرسکولز و کالجز میں انسانی صحت کے متعلق لیکچرز کا اہتمام کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور جنرل ہسپتال میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور بچاؤ سے متعلق آگاہی واک کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا لاہور جنرل ہسپتال میں معدہ، جگر کے مریضوں کے علاج کیلئے(گیسٹرو انٹرنالوجی) علیحدہ وارڈ قائم کی گئی ہے جہاں 24گھنٹے ماہر ڈاکٹرز مریضوں کے علاج پر مامور اور معیاری طبی سہولیات میسر ہیں۔
ہیپاٹائٹس سے تحفظ ہر شہری کا بنیادی حق، سکریننگ ضروری ہے: پروفیسر الفرید ظفر
Jul 30, 2024