لاہور(سپورٹس رپورٹر) اولمپک گیمز میں اپنے پہلے میچ میں شکست سے دوچار ہونیوالے فلسطینی باکسر میچ کے دوران شائقین کی توجہ کا مرکز رہے۔ اولمپک گیمز کی باکسنگ کیٹیگری میں حصہ لینے والے وسیم ابو سال پہلے فلسطینی باکسر ہیں، انہیں سویڈش باکسر نبیل ابراہیم نے 57 کلو گرام کیٹیگری کے ابتدائی راؤنڈ میں شکست دی ۔ پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بچوں پر بمباری کی عکاسی کرنیوالی شرٹ پہننے والے فلسطینی باکسر وسیم ابو سال نے شکست کے بعد کہا کہ ان کی نظریں پہلے ہی 2028 میں اگلے اولمپکس پر ہیں۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس سے باہر نارتھ پیرس ایرینا میں ہونیوالے اس میچ میں جونہی وسیم ابو سال ہال میں داخل ہوئے تو شائقین نے پْرتپاک استقبال کیا۔ شائقین فلسطینی باکسر کی آمد کے بعد بھی کافی دیر تک تالیاں بجاتے رہے اور مقابلے کے دوران ’وسیم، وسیم‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ میچ کے اختتام پر دونوں باکسرز نے آخر میں ایک دوسرے کو گلے لگایا۔
پیرس اولمپک گیمز، شکست کے باوجود فلسطینی باکسر شائقین کی توجہ کا مرکز
Jul 30, 2024