لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش اے نے پاکستان شاہینز کو دوسرے 4 روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد صرف 5 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان شاہینز کو جیتنے کیلئے 296 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن میچ کے آخری دن پوری ٹیم 290 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فاسٹ بولرز محمد علی اور خرم شہزاد کی آٹھویں وکٹ کی شراکت نے جیت کی امید پیدا کردی تھی لیکن دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی صورتحال بدل گئی اور بنگلہ دیش اے نے آخری 3 وکٹیں حاصل کرکے ڈرامائی کامیابی حاصل کرلی۔یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو پہلے 4 روزہ میچ میں 148 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان شاہینز نے اپنی دوسری اننگز 136 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیت کیلئے مزید 160 رنز درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔ حسیب اللہ گزشتہ روز کے سکور 44 میں صرف 7 رنز کا اضافہ کرکے 51 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔طیب طاہر اور عمیر بن یوسف نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں65 رنز کا اضافہ کیا لیکن دونوں بیٹرز نصف سنچری بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔عمیر بن یوسف نے 4 چوکوں کی مدد سے 45 اور طیب طاہر نے 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز سکور کیے۔جب پاکستان شاہینز کی ساتویں وکٹ گری تو سکور 230 رنز تھا اس موقع پر محمد علی اور خرم شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 57رنز بناڈالے تاہم یہ دونوں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔ محمد علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز سکور کیے۔ خرم شہزاد نے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ان دونوں کو محمود الحسن جوئے نے آؤٹ کیا۔آخری کھلاڑی فیصل اکرم کو مراد نے ایک رن پر بولڈ کردیا۔ محمود الحسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ رجاء الرحمن راجہ نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔پاکستان شاہینز کی وائٹ بال سائیڈ این ٹی سٹرائیک اور بنگلہ دیش اے کیخلاف دو ون ڈے میچز 4 اور6 اگست کو کھیلے گی جس کے بعد وہ 9 اگست سے شروع ہونیوالی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گی۔
دوسرا 4 روزہ میچ:بنگلہ دیش اے نے پاکستان شاہینز کو 5 رنز سے ہرادیا،سیریزبرابر
Jul 30, 2024