یوسف رضا گیلانی کا دورہ برطانیہ‘ غزہ اور کشمیر پر مؤقف کو سراہا

لندن (عارف چودھری) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو  قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ برطانیہ کے دوران ہاؤس آف کامنز کی سپیکر . Lindsay Hoyle سے ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینٹ سینیٹرز کے وفد کے ہمراہ برطانیہ کے دورے پر ہیں جس کا مقصد مختلف شعبوں میں دوطرفہ، کثیرالجہت اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ ملاقات میں چیئرمین سینٹ کے ہمراہ سینیٹرز آغا شاہ زیب درانی، فیصل سلیم رحمان، اشرف علی جتوئی اور ارکان قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی اور سید قاسم علی گیلانی بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینٹ نے مزید کہا برطانیہ میں مقیم  پاکستانی تارکین وطن ان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے ہوئے ہیں اور یہ کمیونٹی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک پل کا کام کر رہی ہے اور ایک متحرک شراکت داری کی ٹھوس بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سٹریٹیجک ڈائیلاگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو 2011ء میں قائم ہوا تھا۔ بہتر سٹریٹیجک ڈائیلاگ پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات کے لئے ادارہ جاتی طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ای ایس ڈی کا آغاز 2011ء میں سید یوسف رضا گیلانی کے بطور وزیراعظم پاکستان کے دور میں کیا گیا تھا۔ چیئرمین سینٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ غزہ کے حوالے سے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان غزہ میں مظالم کے خاتمے کے لیے متعلقہ فورمز کے ذریعے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ ہاؤس کامنز کے سپیکر نے چیئرمین سینٹ کے خیالات کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان وسیع البنیاد تعلقات پر زور دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن