پاراچنار : جنگ بندی کی  خلاف ورزی فائر نگ سے مزید 8افراد قتل ، ہلاکتیں 43ہوگئیں 

Jul 30, 2024

پاراچنار(این این آئی)ضلع کرم میں متحارب گروپوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے پر پھر فائرنگ کر دی جس سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 43 ہوگئی جبکہ 170 افراد زخمی ہوگئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع کرم میں 5 روز تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد سیز فائر کردیا گیا تھا تاہم سیز فائر کے بعد رات گئے پھر سے دونوں قبائل کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔جھڑپوں کے دوران  مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 43 تک پہنچ گئی جبکہ جھڑپوں میں 170 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرم میں جائیداد کے تنازع پر فریقین میں لڑائی شروع ہوئی، سیز فائر پر رضامند فریقین نے بھی رات کو خلاف ورزی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں بوشہرہ اور مالی خیل کے درمیان کل رات فائرنگ نہیں ہوئی، رات گئے 4 مقامات پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فریقین نے خود کار اسلحہ استعمال کیا۔ ذرائع کے مطابق  پاراچنار میں شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند ہے، پارا چنار میں شاہراہ بند ہونے اور مسلسل جھڑپوں  سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عوام نے جھڑپوں کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پارا چنار کے مطابق فائر بندی کے لیے انتظامیہ، فورسز اور امن جرگہ کوششوں میں مصروف ہیں، رات گئے ضلع کرم کے 4 مقامات پر جاری جھڑپوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مزیدخبریں