تھرپارکر : آسمانی بجلی گرنے سے خاندان کے 6 افراد سمیت 8 جاں بحق

Jul 30, 2024

تھرپارکر+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) دوران بارش آسمانی بجلی گرنے کے 3 الگ الگ واقعات میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق ننگرپارکر کے نواحی گاؤں آکراڑو میں کھیت میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد لقمہ اجل بن گئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ خاندان کے تمام افراد کھیت میں موجود تھے کہ آسمانی بجلی گرگئی، جس سے دو 8 سالہ بچیاں، ایک 10 سالہ بچہ ، 2 نوجوان اور ایک بزرگ جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں گاؤں بانٹاڑیو میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر راہ گیر 40 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چھاچھرو کے گاؤں خمیسو منگریو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 11 سال کی بچی جاں بحق ہو گئی۔ آسمانی بجلی گرنے سے 20 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع تھرپارکر میں نگرپارکر کے قریب آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کو اس طرح کے واقعات کے متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن معاونت کرنی چاہئے۔ 

مزیدخبریں