ایک سال قبل کے ٹو پر جاں بحق کوہ پیما کی میت واپسی کیلئے کام شروع 

سکردو+ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کی ٹیم نے کے ٹو پر گزشتہ سال جاں بحق ہونے والے پورٹر حسن شگری کی میت نیچے لانے کا عمل شروع کر دیا۔ پورٹر حسن شگری گزشتہ سال کے ٹو پر موسم کی شدت کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے تھے تاہم ان کی میت کو وہیں چھوڑ دیا گیا تھا، اس سال نائلہ کیانی کی ٹیم جب کے ٹو کی صفائی کے مہم پر روانہ ہوئی تو حسن شگری کی فیملی نے ان سے میت واپس لانے کی درخواست کی تھی۔ نائلہ کیانی نے بتایا کہ کے ٹو پر پر موجود ان کی ٹیم برف میں دبے جسد خاکی کو باہر نکالنے میں کامیاب ہو چکی ہے اور اس میت کو بوٹل نیک سے کیمپ فور تک پہنچایا جا چکا ہے، ٹیم نے کیمپ فور سے کیمپ تھری کی جانب سفر شروع کر دیا۔ نائلہ کیانی نے کہا کیمپ تھری سے بیس کیمپ تک باڈی لانے کا عمل کافی دشوار گزار ہو گا اسلئے میت کو ائر لفٹ کرانے کیلئے آرمی ایوی ایشن کو بھی درخواست کی۔ حسن شگری کی میت واپس لانے والی ٹیم میں دلاور سد پارہ، اکبر حسین، ذاکر سد پارہ، محمد مراد اور علی محمد سد پارہ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 27 جولائی کو پورٹر محمد حسن کے ٹو مہم جوئی کے دوران بوٹل نیک پر جاں بحق ہو گیا تھا۔ کوہ پیماؤں پر پورٹر کی بروقت مدد نہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، کوہ پیماؤں پر آخری سانسیں لیتے محمد حسن کے اوپر سے گزر کر جانے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔ دریں اثناء کے ٹو سر کرنے کے لیے جانے والے6  غیر ملکی کوہ پیماؤں کو پاک آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر لیا گیا۔ پاک آرمی نے امریکن، چیلی، مقدونیہ اور نیپال سے تعلق رکھنے والے 6 کوہ پیماؤں کو ریسکیو کیا۔ کوہ پیما کے ٹو سر کرنے کے لیے بیس کیمپ میں موجود تھے، یہ کوہ پیما کے ٹو مہم جوئی کے دوران بیس کیمپ میں ہائی الٹیٹیوڈ سیکنس کا شکار ہوئے۔ کوہ پیماؤں نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن