مقبوضہ کشمیر میں پر اسرار دھماکہ 4، مسلمان شہید  امیر ، جماعت اسلامی حمید فیاض گرفتار 

Jul 30, 2024

سرینگر+ برسلز (نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے  سوپور میں سکریپ ڈیلر شپ میں ہونے والے پراسرار دھماکے میں 4 افراد شہید ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لداخ سے آنے والے ایک سکریپ سے لدے ٹرک سے سامان اتارا جا رہا تھا۔ اس دوران زور دار دھماکا ہوگیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ 3 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ چاروں مسلمان تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ نذیر احمد، 20 سالہ عظیم اشرف میر، 23 سالہ عادل رشید بھٹ اور 25 سالہ محمد اظہر کے نام سے ہوئی جو ٹرک سے سکریپ اتار رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے کچھ سیمپل جمع کیے ہیں جن کا تجزیہ جاری ہے۔ واقعے میں دہشت گردی کے عنصر کے شواہد بھی نہیں ملے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک سے جو کباڑ اتارا جا رہا تھا اس میں کچھ فوجی سامان بھی تھا۔ ایسا لگتا ہے جیسے کسی فوجی اڈے کا استعمال شدہ سامان ہو، تاہم پولیس نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سکریپ لداخ سے پرائیویٹ ادارے سے آیا تھا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر حمید فیاض کو پیرول پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ ڈاکٹر حمید فیاض کو گزشتہ ہفتے اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا تاہم اگلے روز انہیں دوبارہ گرفتار کیاگیا جس سے ان کے عمر رسیدہ والدین اور بچوں کو شدید ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ  مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری 5 اگست 2019کو بی جے پی حکومت کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اقدامات کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔  انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کے لیے اسرائیلی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ دوسری جانب کشمیر کونسل یورپ نے 4اگست کو بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ایک روزہ احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد 5اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور بھارت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج درج کرانا ہے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرگ میں جھولا گرنے سے ایک آٹھ سالہ بچہ جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی۔ ضلع میں ٹنگمرگ کے علاقے گوگلڈارہ میں حادثاتی طور پر جھولا ٹوٹنے سے کم از کم دو بچے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک بچہ جے وی سی ہسپتال سرینگر لے جاتے ہوئے راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔

مزیدخبریں