ایڈمرل نوید اشرف  کادورہ رومانیہ‘ سربراہ رومانیہ نیوی سے ملاقات 

 اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف رومانیہ کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور سربراہ رومانیہ نیوی سے مشترکہ ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی بحری سلامتی اور استحکام سے متعلق امور‘ دوطرفہ فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے رومانیہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ‘‘مشترکہ بحری تحفظ’’ کے موضوع پر لیکچر بھی دیا۔نیول چیف نے میری ٹائم ڈومین میں مسائل کے حل میں بحری افواج کے مشترکہ کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے سمندر میں قانون کے نفاذ کے لیے بحری افوج کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کا حالیہ دورہ رومانیہ دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص بحری تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔

ای پیپر دی نیشن