امریکہ میں روس کے سفیر اناتولی انتونوف نے کہا ہے کہ ایک طرف امریکی حکومت کے قرضے تاریخ میں پہلی بار 350 کھرب ڈالر کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کر گیا اور دوسری طرف وہ یوکرین جنگ پر بھاری رقوم ضائع کر رہی ہے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی کی طرف سے یوکرین کے لئے مزید 20 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کے اعلان کے بعد جاری بیان میں روسی سفیر نے کہا کہ امریکی حکومت یوکرین میں جنگ پر جو بھاری رقوم ضائع کر رہی ہے ان کو پرامن مقاصد، ترقیاتی اہداف اور امریکا میں متعدد سماجی اور اقتصادی مسائل کو حل کرنے کی کوششوں پر خرچ کیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔روسی سفیر نے کہا کہ امریکی حکام یوکرین جنگ بارے پالیسی کے حوالہ سے مکمل طور پر ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کی سوچ اب بھی یہ ہے کہ وہ 1991 کی سرحدوں پر مشتمل یوکرین دوبارہ قائم کر سکتے ہیں جس کی اب کوئی امید نہیں ۔ روسی سفیر نے کہا کہ یوکرین کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی میدان جنگ کی صورت حال کو تبدیل نہیں کر سکتی، وہ صرف جنگ کو طول دے سکتی ہے جس سے عام شہریوں اور فوجیوں کی اموات میں ہی اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اپنے مفادات کو ملکوں اور عوام کے مفادات سے بالاتر رکھنے والے امریکی اسلحہ سازوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ۔
امریکہ یو کرین جنگ پر بھاری رقوم ضائع کر رہا ہے: روسی سفیر
Jul 30, 2024 | 13:10