برطانیہ میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے کم از کم آٹھ افراد کو زخمی کر دیا جبکہ پولیس نے حملے کے الزام میں ایک 17سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پولیس کو ساؤتھ پورٹ میں چاقو کے وار سے لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی جس کے بعد مرسی سائیڈ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر چھری ضبط کر لی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اسے دہشت گردی کی کارروائی کے طور پر نہیں دیکھ رہے اور اس حملے کے سلسلے میں مزید کسی اور کو تلاش نہیں کررہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کا تعلق ساؤتھ پورٹ کے قریبی گاؤں سے ہے۔پولیس نے کہا کہ ہم ابھی اس واقعے کے پس پردہ محرکات کی وجہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور لوگوں سے درخواست کی کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس نے کہا کہ بچوں کے ہسپتال سمیت تین ہسپتالوں میں چاقو کے وار سے زخمی آٹھ مریضوں کو لایا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے اسے بڑا واقعہ قرار دیا ہے اور اس وقت ہسپتال کی ایمرجنسی بہت مصروف ہے، ہم نے والدین سے کہا ہے کہ وہ انتہائی ضرورت پڑنے پر ہی اپنے بچوں کو یہاں لائیں۔برطانیہ کے وزیر اعظم کائیر اسٹارمر نے واقعے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے اس میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
برطانیہ میں چاقو کے وار سے آٹھ افراد زخمی، مشتبہ شخص گرفتار
Jul 30, 2024 | 13:47