کملا ہیرس نے عرب امریکی ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردیں

امریکا کی سرفہرست ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں عرب امریکی ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس کو یقین ہے کہ ریاست مشیگن میں کامیابی کےلیے عرب امریکی ووٹرز کی حمایت لازم ہوگی کیونکہ سب سے زیادہ عرب امریکی اسی ریاست میں مقیم ہیں.ڈیئربورن شہر کے میئر عبداللّٰہ حمود کا کہنا ہے کہ بائیڈن کے انتخابی دوڑ سے باہر نکلنے سے دروازہ کھلا ہے مگر یہ کملا ہیرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمیونٹی سے اس اتحاد کو قائم کریں جو بائیڈن کی صدارت کے آغاز میں تھا۔

میئر حمود کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس کو غزہ میں فوری جنگ بندی کی پر زور وکالت کرنی چاہیے اور اسرائیل کی غیر مشروط حمایت اور اسلحے کی فراہمی روکنی چاہیے۔ 

عرب کمیونٹی کا کہنا ہے کہ پنسلوینیا کے یہودی گورنر جوش شاپیرو کو نائب صدارتی امیدوار نہیں بنانا چاہیے کیونکہ وہ فلسطینی مظاہرین کے شدید مخالف رہے ہیں۔ فلسطینی امریکن رکن کانگریس رشیدہ طلیب کا تعلق بھی مشیگن ہی سے ہے۔

ای پیپر دی نیشن