روزنامہ نوائے وقت کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں دوست ملکوں کے درمیان اس نوعیت کی یہ تیسری مشقیں ہیں جو گیارہ روز تک جاری رہیں گی ۔ جنگی مشقیں مغربی چین میں ہوں گی جن کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی کیلئے ایک دوسرے کے تجرے سے مستفید ہونا ہے ۔ ان مشقوں کو فرینڈشپ دوہزار دس کا نام دیا گیا ہے جن میں دونوں ملکوں کی فوج کے سپیشل دستے حصہ لے رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ان مشقوں سے فوجی شعبے میں پاکستان اور چین کے تعلقات اور زیادہ مضبوط ہونگے جبکہ چین اس قسم کی فوجی مشقیں بھارت کے ساتھ بھی کرچکا ہے۔ پاک فوج کے سپیشل دستوں کو اس حوالے سے اہمیت حاصل ہے کہ وہ دشوار گزار قبائلی علاقوں میں انسداد دہشت گردی کے کامیاب آپریشن کرچکے ہیں۔